ڈھاکہ، بنگلہ دیش: ایک کارکن ڈینگی وائرس کا سپرے کرتے ہوئے، تصویر، سی جی ٹی این

بنگلہ دیش میں   ڈینگی سے اس سال اب تک  364 افراد ہلاک ہو چکے ہیں

بنگلہ دیش کے  ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز   (ڈی جی ایچ ایس )کے مطابق ، بنگلہ دیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کل 2,959 افراد میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی، یہ تعداد  اس سال اب تک ایک ہی دن میں سب سے زیادہ ہے۔ یاد رہے  کہ بنگلہ دیش میں   ڈینگی سے اس سال اب تک  364 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ڈی جی ایچ ایس کے اعداد و شمار کے مطابق، صرف ڈھاکہ میں جمعرات کو 1,097 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے تک تازہ انفیکشن کی اطلاع کے ساتھ، بنگلہ دیش میں اس سال اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 78,028  ہو چکی ہے۔

ڈی جی ایچ ایس کے مطابق، اگست میں اب تک ڈینگی کے 26,196 کیسز ریکارڈ کیے گئے جب کہ جولائی میں 43,854 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے۔

ڈی جی ایچ ایس  کے مطابق، صرف  اگست میں 113 اموات   رپورٹ ہوئیں، جولائی میں 204 اور جون میں 34 اموات ہوئیں۔

ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز سے نمبٹنے کے لیے، بنگلہ دیشی صحت حکام نے مچھروں کی افزائش کو روکنے اور اینٹی لاروا آپریشن کرنے کے لیے اقدامات کو مزید کارگر کیا ہے۔

جون تا ستمبر مون سون کا دورانیہ بنگلہ دیش میں ڈینگی  بیماری کا موسم ہے، بنگلہ دیش کو  دنیا میں  مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے لیے سر فہرست سمجھا جاتا ہے۔

ڈینگی کا مرض ایک وائرل بیماری ہے جو متاثرہ ایڈیس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ ڈینگی ایک شدید بیماری کا سبب بنتا ہے، جس میں نظام خون میں سے  خون  کے اجزاء ضائع ہو جاتے ہیں۔ ڈینگی بخار کی علامات عام طور پر سر درد، تیز بخار، تھکن، شدید پٹھوں اور جوڑوں کا درد، گلٹیوں میں سوجن، قے اور دانے  وغیرہ ہوتے ہیں۔دنیا بھر میں ہر سال  اس بیماری کے  کئی ملین کیسز رپورٹ ہوتے ہیں اور 20 سے 25 ہزار اموات ہوتی ہیں جن میں بچوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے