گوگل سرچ کی تصویرگوگل سرچ کی تصویر

گوگل نے  3 اگست   کو  اپنے بلاگ پر ایک نئی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے تحت لوگوں کو یہ درخواست کرنے کی سہولت دی جاتی ہے کہ ان کی ذاتی، جنسی طور پر واضح تصاویر کو گوگل کے  سرچ رزلٹس سے ہٹا دیا جائے

یہ نیا فیچر ان تین اپ ڈیٹس میں سے ایک ہے جس کے بارے میں گوگل کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صارفین کو اپنے متعلق مواد پر زیادہ کنٹرول دینا ہے جو گوگل کے  سرچ انجن کے ذریعے دستیاب ہے۔

گوگل سرچ کے عوامی رابطہ کار ڈینی سلیوان نے کہا،ہم گوگل سرچ میں  آپ کی ذاتی معلومات، رازداری اور آن لائن سیکورٹی کو کنٹرول رکھنے  میں  آپ کی مدد کے لیے نئے ٹولز متعارف کروا رہے ہیں۔ "یہ ان بہت سی چیزوں میں سے ایک ہے جو ہم لوگوں کو ان کے آن لائن تجربے پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،”

گوگل نے پہلے   بھی لوگوں کو اجازت دی ہوئی  تھی کہ وہ ان قابلِ اعتراض  تصاویر کو  گوگل سے  ہٹانے  کی درخواست دے سکتے ہیں جو ان کی رضامندی کے بغیر شیئر کی گئی تھیں۔

کمپنی نے جمعرات کو ایک نیا ڈیش بورڈ بھی متعارف کرایا جو اس کے تلاش کے نتائج میں کسی شخص کی ذاتی رابطہ کی معلومات کے ظاہر ہونے پر نظر رکھتا ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ  اس نئے فیچر  سے صارفین کے لیے اپنے مواد کی  نگرانی کرنا اور گوگل سرچ کے نتائج سے اپنے بارے میں معلومات ہٹانے کی درخواست کرنا آسان ہو جائے گا۔ یہ ٹول   صارفین کو  ان کی کنٹکٹ اور دیگر ضروری معلومات وغیرہ کے سرچ میں ظاہر ہونے پر انہیں آگاہ کرے گا ۔

سلیوان نے کہا کہ فی الحال  امریکہ میں صارفین کو انگریزی  زبان میں  اس ٹول تک رسائی حاصل ہوگی  تاہم ، گوگل اس فیچر کو مزید مقامات اور اضافی زبانوں میں لانے کے لیے تیزی سے  کام کر رہا ہے۔

گوگل نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ خود بخود واضح تصاویر کو دھندلا کرنا شروع کر دے گا جو عالمی سطح پر تمام صارفین کے لیے تلاش کے نتائج میں نظر آتی ہیں، یہ اپ ڈیٹ کمپنی نے سب سے پہلے فروری میں سیکیور  انٹرنیٹ ڈے کے موقع پر  پبلش کی تھیں  ۔

گوگل نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ  سیف سرچ بلرنگ ( دھندلےپن والی )خصوصیت کا مقصد "فیملیز کو نادانستہ طور پر سرچ پر قابلِ اعتراض تصویروں کا سامنا کرنے سے بچانے میں مدد کرنا ہے۔” ان میں  جنسی تصاویر یا پرتشدد مواد شامل ہو سکتا ہے۔

سلیوان نے کہا، "اس کا مقصد ہمارا  اپنے  ان اصولوں پر قائم رہنا ہے کہ ہم لوگوں کو ایسی چیزوں سے  پریشان  نہیں کرنا چاہتے جن کی وہ توقع نہیں کرتے”۔

پچھلے سال، گوگل نے "آپ کے بارے میں نتائج” کے نام سے ایک ٹول لانچ کیا جو صارفین کو  سرچ یعنی  گوگل پر تلاش کے نتائج سے ان کے ذاتی رابطہ کی معلومات کو ہٹانے کی درخواست کرنے کی اجازت دیتا ہے، بشمول فون نمبر، گھر کے پتے اور ای میل ایڈریس وغیرہ۔

گوگل پچھلے کچھ سالوں میں ان معلومات کی اقسام کو بڑھا رہا ہے جو صارفین تلاش کے نتائج سے ہٹانے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔

صارفین طویل عرصے سے اپنی ذاتی معلومات جیسے کہ کریڈٹ کارڈ نمبرز اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ  آئی ڈی کارڈز کو   ڈاکسنگ(  کسی شخص کی حساس معلومات کو بدنیتی پر مبنی مقاصد  کے لیے شیئر کرنے کا عمل ہے) کے تناظر میں  سرچ  رزلٹ سے  ہٹانے کی درخواست کرنے میں کامیاب رہے ہیں،

کن صورتوں میں گول سرچ رزلٹس  سے معلومات یا تصاویر کو  ہٹانے کی درخواستوں کو مسترد کر سکتا ہے؟

اگر  سرچ رزلٹس کو ہٹانے کی درخواست  سرچ انجن  کی متعلقہ پالیسی کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتی تو گوگل  سرچ رزلٹس کو  ہٹانے کی درخواستوں کو مسترد بھی کر سکتا ہے،  ان میں    وہ معلومات  یا تصاویر جو  ذاتی ہونے  کی بجائے پیشہ ورانہ  ہوں یا کسی سرکاری یا تعلیمی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی  ہوں۔مزید یہ کہ  گوگل صرف اپنے تلاش کے نتائج  (سرچ رزلٹس )سے معلومات  ہٹاتا  ہے نہ کہ اس کے  ماخذ سے جہاں وہ سٹور ہے یا پبلش کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے